کراچی: زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے سے 3 افراد جاں بحق،14 زخمی، مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

فائل فوٹو 29

بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر چھ منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، 14 افراد زخمی ہیں جبکہ ملبے سے تین لاشیں نکال لی گئیں، متعدد افراد کے ملبے میں موجود ہونے کا خدشہ ہے، پولیس نے ٹھیکے دار سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ریسکیوحکام کے مطابق بلوچ کالونی شارع فیصل کے قریب 600 گز رقبے پر قائم عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہوئے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کی گئی۔

امدادی ادارے 1122 کے ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم نے کے ای سی ایچ ایس بلاک 4، قبا مسجد کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے سے 3 لاشیں اور 14 زخمی افراد کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا۔

جاں بحق دو افراد کی شناخت ہوگئی ان میں 35 سالہ فرحان ولد سعید عمر اور 22 سالہ نوید ولد عزیز شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق 14 زخمیوں میں نادر حسین ولد علی نواز عمر 39 سال، احمد ولد ظفر عمر 17 سال، لال خان ولد شوکت علی عمر 35 سال، عزیز الحق ولد حبیب الرحمان عمر 22 سال، روح اللہ ولد محمود جان عمر 22 سال، نوید ولد مشاقت خان عمر 24 سال، واصل خان ولد خان محمد عمر 25 سال، بلال ولد روح اللہ عمر 25 سال، ایک نامعلوم شخص عمر 25 سال، عطاء اللہ ولد تاج بار خان عمر 26 سال، عزیز الحق ولد نبی داد عمر 20 سال، وقار خان عمر 22 سال، ایم احسن ولد ایم اکرم عمر 22 سال، ایم مکی ولد اللہ دتہ عمر 35 سال شامل ہیں۔

ملبے میں دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن رات گئے بھی جاری رہا۔

وزیراعلیٰ کا جائے حادثہ کا دورہ، اسٹے آرڈر لانے والوں کو جوتے لگانے کی ہدایت

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کراچی ایڈمن سوسائٹی جائے حادثہ پہنچ گئے، انہوں نے امدادی کارروائی کا جائزہ لیا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ایسٹ سے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات پر سوال کیا اور دیگر زیر تعمیر عمارتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ کیسے بن رہی ہیں؟

ڈی سی ایسٹ نے جواب دیا کہ سر وہ عدالت سے اسٹے آرڈر لے آتے ہیں؟ ڈی سی ایسٹ کا جواب سن کر وزیر اعلیٰ برہم ہوگئے اور کہا کہ اسٹے لانے والوں کو جوتے لگائیں، یہ لوگوں کا قتل کررہے ہیں، عمارت گرنے کا واقعہ قتل ہے، ملبے سے چودہ افراد کو نکالا گیا، دس کے قریب تاحال لاپتا ہیں، عمارت کو گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی، چھ منزلیں بنا دی گئیں سرکاری لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر یہ کام ہو نہیں سکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالک ہو، کنسلٹنٹ ہو، ٹھیکے دار ہو یا سرکاری افسر، سب کو سزا ملے گی اس بار کوئی بحال نہیں ہوگا، سارے ذمہ دار جیل جائیں گے، جو سرکاری افسر ملوث ہوا وہ ڈیوٹی پر بحال نہیں ہوگا جیل جائے گا، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہو یا ضلعی انتظامیہ ہو، ذمہ دار کو سزا ملے گی، یہ آپ بھول جائیں کہ کوئی ذمہ دار نوکری پر بحال ہوگا۔

اطلاعات ہیں 15 لوگ مسنگ ہیں تاہم حتمی تعداد معلوم نہیں، حسن نقوی

کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ آپریشن جب تک جاری رہے گا جب تک تسلی نہیں ہوسکتی، اب تک 14 لوگوں کو زخمی حالت میں نکالا گیا، 3 لاشیں نکالی گئیں، 1122 اور کے ایم سی کی ٹیمیں کام کررہی ہیں امید ہے کہ کوئی زندہ مل جائے، اس حوالے سے گرفتاریوں وغیرہ میں جو بھی پیشرفت ہوگی آپ کو پتہ لگ جائے گا، ہماری اطلاعات کے مطابق 15 لوگ مسنگ ہیں حتمی تعداد سامنے نہیں آسکی، اس واقعے کے بعد 12 بلڈنگز ڈی سی نے سیل کی ہیں۔

ٹھیکے دار سمیت پانچ افراد زیر حراست

پولیس نے بتایا ہے کہ عمارت کے ٹھیکے دارسمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ٹھیکے دار سے پوچھ گچھ کے لیے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دیگر افراد سے تفتیش جاری ہے۔

لاپتا افراد میں پرانا گولیمار کے 3 دوست شامل

حادثے میں لاپتا ہوئے افراد میں پرانا گولیمار سے تعلق رکھنے والے 3 دوست بھی شامل ہیں، تینوں دوست ماربل کا کام کرتے ہیں، آج اس عمارت میں کچن کا کام کرنے آئے تھے۔

ورثا کا کہنا ہے کہ جس انداز میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے ہم اس سے مطمئن نہیں، اب تک کسی حکومتی شخصیت نے آکر ہمیں نہیں بتایا کہ ہمارے اپنوں کو کیسے تلاش کیا جارہا ہے، بلڈر اور ٹھیکے دار کون ہیں کہاں ہیں، ہم نہیں جانتے، ہمارے پیاروں کے موبائل نمبرز بھی بند جارہے ہیں۔

انتظامیہ کا ایکشن

کمشنر کراچی نے عمارت منہدم ہونے کے واقعے پر ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر سمیت 6 افسران کو معطل کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں