عوامی خدمت اور شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

23

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے اپنے درپیش مسائل، شکایات اور مشکلات سے ضلعی انتظامیہ کو براہِ راست آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات کو توجہ اور تحمل سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

کھلی کچہری کا بنیادی مقصد عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنانا، شہریوں کو اپنی شکایات کے اظہار کے لیے ایک آسان پلیٹ فارم فراہم کرنا اور سرکاری اداروں کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے عمل کو تیز کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں سے متعلق شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جن میں بنیادی شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، سڑکوں اور نکاسی آب، پانی، تجاوزات، ریونیو سے متعلق امور، سرکاری خدمات کی فراہمی اور دیگر انتظامی نوعیت کی شکایات شامل تھیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کیے جانے والے مسائل کو محض شکایات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور مقررہ مدت کے اندر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں