بلوچستان کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر عائد پابندی مشروط طور پر ختم

21

بلوچستان حکومت نے صوبے کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر عائد پابندی مشروط طور پر ختم کردی ہے، اس حوالے سے محکمہ زراعت کی جانب سے پیر کی شب باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

محکمہ زراعت کے مطابق رواں سال اگست میں یوریا کھاد کی فروخت اور خریداری پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی وجہ مبینہ طور پر کھاد کا ریاست مخالف عناصر کی جانب سے دھماکہ خیز مواد اور بارودی آلات کی تیاری میں استعمال تھا۔

تاہم پابندی کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں اس کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن محکمہ زراعت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نصیرآباد اور لسبیلہ کے علاوہ مزید 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔

ان اضلاع میں حب، جعفرآباد، صحبت پور، اوستہ محمد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، سبی، کچھی، خضدار، خاران، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، پشین، قلات اور پنجگور شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت مقررہ ضابطہ کار اور معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پیز) کے تحت کی جائے گی، جبکہ ان شرائط پر عملدرآمد کے بغیر کھاد کی خرید و فروخت غیر قانونی تصور ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں