27

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستان میں امن کی خواہاں رہی ہے ، حاجی علی مدد جتک

پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستان میں امن کی خواہاں رہی ہے اس لئے حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ پارٹی چیئرمین نے واضح کردیا ہے کہ 5 سال تک میر سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ پارٹی کے سینئر رہنماء حکومت پر تنقید کی بجائے اس کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام سے مستفید ہوکر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی و قبائلی رہنمائوں ڈاکٹر علی نواز پرکانی، میر عبدالسلام زہری، کمانڈر محمود خان زہری، سردار فتح محمد بڑیچ، شاہنواز مینگل، حاجی میر اللہ داد زہری کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر لالہ روزی خان کاکڑ، میر نصیب اللہ شاہوانی ، میر محمد یوسف ، میر ولی محمد قلندرانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی روز اول سے ہی صوبے میں امن کی خواہاں رہی ہے ماضی کی طرح اب بھی کوشش کررہی ہے کہ صوبے سے بے روزگاری، بد امنی اور پسماندگی کو ختم کرکے تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی ، گیس بجلی ، روزگار کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک منتقل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوئٹہ اور اب سریاب میں بھی مزید مضبوط ہوئی ہے اور بلوچستان بھر کی طرح کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس طرح گزشتہ دنوں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹراما سینیٹر، ایئر ایمبولینس سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کیا ہے جو بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو ان کی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ انتھک شخصیت کے مالک ہیں جو 20 گھنٹے کام کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اپنی نوجوانوں کو جدید اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بیرون ملک بھجوارہے ہیں تاکہ انہیں معاشرے کا کار آمد فرد بناکر بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جاسکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کے تناظر میں سرفراز بگٹی سب سے زیادہ کام کرکے اپنے مخالفین کو جواب دے رہے ہیں اور اتحادیوں کے ساتھ ملکر حالات کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر ساتھیوں کو حکومت پر تنقید کی بجائے حکومت کے عملی اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ساتھ دینا چاہئے جس طرح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پانچ سال تک وزیر اعلیٰ رہنے کا عندیہ دیا ہے جس سے گزشتہ کئی عرصے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی وزیر اعلیٰ ہٹائو کی مہم اور ایسے عناصر کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں انہوں نے شامل ہونے والے سیاسی وقبائلی شخصیات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سریاب میں بھی ہمارے ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی کی مقبولیت کی وجہ سے مضبوط ہورہی ہے اور شامل ہونے والے ساتھی پارٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے جس طرح انہوں نے گزشتہ 20 سال اپنی سابقہ پارٹی میں کردار ادا کیا ہے اس سے زیادہ پیپلزپارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

اس موقع پر روزی خان کاکڑ ، میر نصیب اللہ شاہوانی نے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کوئٹہ میں مزید مضبوط ہوگی اور وہ پارٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سیاسی و قبائلی رہنمائوں ڈاکٹر علی نواز پرکانی، میر عبدالسلام زہری، کمانڈر محمود خان زہری، سردار فتح محمد بڑیچ، شاہنواز مینگل، حاجی میر اللہ داد زہری نے کہا کہ ہم اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے کیونکہ ہم نے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کی علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں اور عوام دوست سیاسی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور اب پارٹی کو مضبوط اور فعال بنائیں گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں