پی کے742 اور 842 جدہ سے مجموعی طور پر 299 حجاج کرام لے کر کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئیں

1

حکومتی حج اسکیم 2026 کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی دو خصوصی پروازیں پی کے742 اور پی کے842 سعودی عرب کے شہر جدہ سے مجموعی طور پر 299 حجاج کرام کو لے کر کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور اور رکن بلوچستان اسمبلی شہناز عمرانی نے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر انہوں نے حجاج کرام کو پھول پیش کیے اور فریضہ حج کی کامیاب ادائیگی پر مبارکباد دی۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہناز عمرانی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی مؤثر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کے باعث رواں سال پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات اور انتظامات فراہم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حجاج کرام کی سہولت کے لیے کوئٹہ سے جدہ تک براہِ راست پروازوں کا انتظام کیا گیا، جس سے سفر کو مزید آسان اور آرام دہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی حج اسکیم کے تحت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 4,205 حجاج کرام کی وطن واپسی پی آئی اے کی 18 خصوصی پروازوں کے ذریعے مکمل کی جائے گی، جبکہ صوبے کے تقریباً 3,500 افراد نے نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے حجاج کرام کی واپسی کے لیے خصوصی فضائی آپریشن 23 جون تک جاری رہے گا، جس کے دوران تمام عازمین کو مرحلہ وار اپنے آبائی علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر حجاج کرام اور ان کے اہل خانہ نے حکومت پاکستان، وزارت مذہبی امور اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات، انتظامات اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حجاج کرام نے حج کے دوران رہائش، نقل و حمل، رہنمائی اور دیگر انتظامی امور کو بہتر قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔حج سے واپس آنے والے عازمین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور تمام مسلمانوں کو بار بار بیت اللہ اور روضہ رسول ﷺ کی حاضری نصیب کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں