پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کی ضلعی ایگزیکٹیو کا ہنگامی اجلاس ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع چمن کا پشتون قومی جرگہ 19 ستمبر کے بجائے 22 ستمبر 2026 کو منعقد ہوگا۔جرگہ 22 ستمبر کو صبح 10 بجے چمن میں ہوگا، جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کریں گے۔
اجلاس میں جرگے کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جبکہ تیاریاں مکمل اور دعوت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ یہ جرگہ صرف پشتونخواملی عوامی پارٹی کا نہیں بلکہ پورے چمن کے عوام کا جرگہ ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، قبائلی عمائدین، علما، طلبہ اور سول سوسائٹی سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے پشتون قومی جرگے کے اعلامیے کو آگے بڑھانے کے لیے ضلع چمن کا جرگہ اہم ہے۔









