نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی و قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی و جمہوری عمل کی پائیداری کے لیے بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام ناگزیر ہے۔ صوبے چھوٹے ہوں یا انتخابی یونٹس میں اضافہ کیا جائے، بااختیار بلدیاتی نظام شہری اور دیہی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر نااہلی کا بڑا داغ ہے کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے اور عوام کو مقامی حکومتوں کی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔ جماعت اسلامی پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں اپنے تمام تحفظات کے باوجود بھرپور حصہ لے گی۔منصورہ میں ناظم انتخاب راجہ عارف سلطان، ناظم شعبہ انتخابی امور عمران ظہور غازی، پنجاب کے صوبائی امرا اور امرائے اضلاع کے وفود سے ملاقات کے دوران لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد جیسے محدود علاقے میں بھی حکمران طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ عوام کو ان کا حق دینے کے لیے تیار نہیں۔
حکومتوں کی بدنیتی کے باعث بار بار انتخابی عمل التوا کا شکار کیا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں کاغذات نامزدگی جمع ہونے اور ان کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق جماعت اسلامی کے 42 کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں جبکہ تین یونین کونسلز میں چیئرمین شپ کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے، لیکن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی انتخابی میدان سے بھاگ گئیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ صوبوں اور انتظامی یونٹس میں اضافے کا مطالبہ اور تجاویز غیر جمہوری یا غیر آئینی نہیں ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی، وسیع انتظامی علاقوں میں سرکاری مشینری کی ناکامی اور صوبائی حکومتوں کی ناقص حکمرانی فطری طور پر انتظامی یونٹس میں اضافے کی متقاضی ہے، تاہم سیاست، جمہوریت اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشمکش کے باعث ملک اور عوام کے مفاد میں ہونے والے اچھے اقدامات کو بھی مشکوک اور متنازع بنا دیا جاتا ہے۔
آئین اور پارلیمنٹ ہی نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا متفقہ آئینی راستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی تاریخ انتہائی بھیانک ہے، ماضی میں بھی کوئی ریفرنڈم عزت حاصل نہیں کرسکا۔ یہ کہنا کہ عوام کی رائے لی جائے گی اور پھر ان کے کہنے پر فیصلہ کیا جائے گا، صریحا سیاسی و جمہوری فریب ہے۔ عوام یہ بھی جانتے ہیں کہ حکومتیں جعلی اور فارم 47 کے ذریعے قائم کی گئی ہیں اور سرکاری محکمے کرپشن کا شکار ہیں، تو کیا عوام کی رائے پر منتخب ادارے اور سرکاری محکمے ختم کردیے جائیں گی حکومتوں کے خاتمے، اسمبلیوں کی تحلیل اور سرکاری محکموں کے احتساب کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے اور وہی معتبر اور قابل عمل راستہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کا اصل مطالبہ یہ ہے کہ صوبوں میں اضافے کے معاملے کو متنازع نہ بنایا جائے۔ خفیہ اداروں کی جانب سے آنے والی تجاویز کو طاقت اور مصنوعی اکثریت کے ذریعے مسلط کرنے کی کوئی بھی کوشش نئے تنازعات کو جنم دے گی۔ ریفرنڈم کرانے سے آئینی تقاضے ختم نہیں ہوتے بلکہ بدستور برقرار رہتے ہیں۔ جماعت اسلامی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اپنی تنظیم کے انتظامی یونٹس میں پہلے ہی اضافہ کرچکی ہے جبکہ مرکزی مجلس عاملہ میں قومی سطح پر جاری بحث کے حوالے سے جماعت اسلامی کا دوٹوک مقف طے کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ نے ناظم انتخاب راجہ عارف سلطان سے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے انتخابی اصلاحات کی سفارشات کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی سیاسی و انتخابی کمیٹیوں کے ارکان اور ماہرین کے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے تاکہ ملک بھر سے موصول ہونے والی تجاویز کی روشنی میں سفارشات مرتب کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت جبکہ سیاسی جماعتوں پر خاندانوں اور شخصیات کا تسلط انتخابی نظام کو ناکارہ بنا چکا ہے۔ انتخابی اصلاحات کی بنیاد متناسب نمائندگی کے طرز انتخاب کو بنایا جا رہا ہے۔









