پیراگوئے کا ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ، 4 بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست

22

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پیراگوئے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
میچ مقررہ اور اضافی وقت کے بعد 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

جرمنی کی جانب سے آرسنل کے فارورڈ کائی ہاورٹز اور نیوکاسل یونائیٹڈ کے نک وولٹیماڈے اپنی پنالٹیز گنوا بیٹھے جنہیں پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے شاندار انداز میں روک لیا۔

دوسری جانب پیراگوئے بھی ابتدا میں مواقع ضائع کرتا رہا۔ انتونیو سانابریا کی پنالٹی ہدف سے باہر چلی گئی، جبکہ فابیان بالبوئینا کی کوشش 40 سالہ جرمن گول کیپر مینوئل نوئر نے ناکام بنا دی۔

تاہم سڈن ڈیتھ میں جرمنی کے جوناتھن تاہ کی پنالٹی کراس بار کے اوپر سے نکل گئی جس کے بعد جوزے کینالے نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 4-3 سے یادگار فتح دلا دی۔

اس سے قبل پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں سابق پریمیئر لیگ کلب برائٹن اور اِپسوچ ٹاؤن سے کھیلنے والے جولیو اینسیسو نے ہیڈر کے ذریعے پیراگوئے کو برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں جرمنی نے بھرپور واپسی کی اور لیورپول کے مڈفیلڈر فلوریان ورٹز کے عمدہ کراس پر کائی ہاورٹز نے ہیڈر کے ذریعے اسکور برابر کر دیا۔

اضافی وقت میں جرمنی نے ایک موقع پر فتح کا جشن بھی منانا شروع کر دیا تھا جب جوناتھن تاہ نے گیند جال میں پہنچائی مگر وی اے آر کے بعد والڈیمار اینٹن کی جانب سے گول کیپر پر فاؤل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا گیا۔

پیراگوئے اب پری کوارٹر فائنل میں دو بار کی عالمی چیمپئن فرانس یا 1958 کی رنر اپ سویڈن میں سے کسی ایک کا مقابلہ کرے گا۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں اور شائقین نے میدان میں بھرپور جشن منایا جبکہ جرمنی کا ورلڈ کپ سفر غیر متوقع انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں