9

پاکستان اور چائنا کی دوستی باہمی اعتماد، غیرمتزلزل حمایت، مشترکہ خواہشات اور سٹریٹجک تعاون پر استوار ہیں :‌ جعفرخان مندوخیل

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاک چین سیاسی و سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ دونوں دوست ہمسایہ ممالک اس طویل عرصے کے دوران مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور پورے خطے کے پائیدار امن اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اور چائنا کی دوستی باہمی اعتماد، غیرمتزلزل حمایت، مشترکہ خواہشات اور سٹریٹجک تعاون پر استوار ہیں۔ اس دیرینہ دوستی کو “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کہا جاتا ہے۔ ہم چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلا شبہ گوادر سٹی میگا پراجیکٹ سی پیک کے تاج کا نگینہ ہے۔ اس شاندار منصوبے کی تکمیل سے پاکستان بالخصوص بلوچستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا۔ چونکہ بلوچستان ایک اہم سنگم پر واقع ہے، اسلیے یہ وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسطرح بلوچستان کا محل وقوع اب معاشی انقلاب کی امید کی کرن بن چکا ہے۔ جیسے ہی چائنا پاکستان اقتصادی راہداری پایہ تکمیل کو پہنچے گا، بلوچستان معیشت، تجارت، اختراعات اور روزگار کے مواقعوں کے ایک متحرک مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ سی پیک جو معاشی خوشحالی لائے گا وہ محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک وعدہ ہے جو ہم پاکستان اور چین ملکر کر رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا مزید استحکام عوام سے عوام کے درمیان روابط بنانے کیلئے عوام کے درمیان روابط بڑھانے سے مشروط ہے۔ گورنر بلوچستان کی حیثیت سے میں چین کے دورے پر 16 رکنی وفد کی قیادت کر رہا ہوں جس میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔ ہم بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی ترقی اور صوبے کے نوجوانوں کیلئے اسکالرشپ کے حوالے سے بڑی خبری دینگے۔ میری ذاتی خواہش اور کوشش ہے کہ ہمارے نوجوانوں کا روشن مستقبل محفوظ ہو، ان کے ذہن جدید سائنس و فلاسفی کی روشنی سے منور ہوں، اور بلوچستان ہائیر ایجوکیشن کے میدان میں مزید ترقی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں