پی آر سی ژوب میں موجود گندم کے ذخیرے کی کھلی نیلامی کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل

1

پی آر سی ژوب میں موجود گندم کے ذخیرے کی کھلی نیلامی کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ نیلامی کے عمل کی نگرانی چیئرمین سی ایم آئی ٹی کمیٹی نور محمد جوگیزئی اور متعلقہ کمیٹی کے ارکان نے کی۔گندم کو نیلام کرنے کی کمیٹی سی ایم آئی ٹی کی جانب سے بنائی گئی تھی۔ جبکہ مختلف آٹا ڈیلرز اور فلور ملز کے نمائندوں نے بولی میں حصہ لیا۔

نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 10503 گندم کے تھیلوں کی بولی لگائی گئی، جن میں 7470 تھیلے مقامی گندم اور 3033 تھیلے پنجاب گندم شامل تھے۔ مقامی گندم کی فی بوری قیمت 8630 روپے مقرر ہوئی جبکہ پنجاب گندم کی فی بوری 10250 روپے میں نیلام کی گئی۔ مجموعی طور پر نیلامی کی مالیت 9 کروڑ 55 لاکھ 54 ہزار 350 روپے رہی۔

بولی کے عمل میں سید اسداللہ (اسد آٹا ڈیلر) کامیاب بولی دہندہ قرار پائے، جبکہ دیگر شرکاء میں عبدالصادق آٹا چکی، سمیع اللہ فلور مل کوئٹہ اور نعیم شاہ ٹریڈرز شامل تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کموڈیٹی مینجمنٹ بلوچستان شجاعت علی کھوسہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے واضح احکامات کی روشنی میں نیلامی کا پورا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور قواعد کے مطابق انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری گندم کے ذخائر کی فروخت میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام مراحل متعلقہ کمیٹی اور بڈرز کی موجودگی میں مکمل کیے گئے۔

نیلامی کے عمل میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ژوب اورنگزیب کاکڑ نے آن لائن شرکت کی ۔ جبکہ دیگر ممبران ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن کوئٹہ جہانزیب ملغانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کموڈیٹی مینجمنٹ بلوچستان صلاح الدین بھی شریک تھے۔ شرکاء نے نیلامی کے شفاف انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے حکومتی پالیسی کے مطابق ایک مثبت اقدام قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں