صوبائی حکومت نے 12ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور مذہبی اجتماعات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سمیت محکمہ داخلہ کے حکام نے شرکت کی
جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع کے تمام ڈی آئی جیز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس اور اہم مقامات پر سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے**، سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ سیکیورٹی پلان پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ 12 ربیع الاول کے مذہبی اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہوسکیں۔









