حکومت بلوچستان کی میرٹ پر مبنی شفاف بھرتی پالیسی کے تحت گوادر پولیس میں نئی بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔ 551 کانسٹیبل آسامیوں پر بھرتی کے سلسلے میں جسمانی ٹیسٹ کے مرحلے کے دوران گوادر کے ساحلِ سمندر پر امیدواروں کی دوڑ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرد و خواتین امیدواروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
امیدواروں نے مقررہ معیار کے مطابق جسمانی آزمائش میں حصہ لیتے ہوئے اپنی فٹنس، رفتار اور جسمانی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر امیدواروں میں پولیس فورس کا حصہ بننے کے لیے نمایاں جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔بھرتی کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ پولیس و سیکیورٹی حکام موقع پر موجود رہے۔
ڈی آئی جی کرائم برانچ کوئٹہ حمید کھوسہ، ، ایس ایس پی گوادر عطاء الرحمان خان ترین اے آئی جی ویلفیئر ایس پی طاہر مصطفیٰ، ڈی ایس پی چاکر بلوچ اور 68 ونگ ایف سی کے میجر سعد سمیت دیگر افسران نے جسمانی ٹیسٹ کے عمل کی نگرانی کی۔
حکام کے مطابق گوادر پولیس میں بھرتی کے تمام مراحل شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں، تاکہ اہل، قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو پولیس فورس میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر اور پیشہ ور فورس کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی امیدوار کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔









