گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم نے آئندہ سالانہ بجٹ 27-2026 میں بلوچستان کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی طور پر ایک تبدیلی کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز رکھی ہیں۔ ہم نوجوانوں کو مستقبل کے معمار اور حال کی تعمیر و ترقی میں شراکت داروں کے طور پر نوجوانوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔
ہمیں صوبے میں موجود شدید غربت اور بیروزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس دفعہ ملازمتوں کے نئے مواقع فراہم کرنا ہیں خاص طور پر صوبے میں نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے نمٹنے کیلئے نیا پروگرام ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور جدید کیریئر کے راستوں تک رسائی حاصل ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ ، صوبائی جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) جمال شاہ کاکڑ، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، صوبائی وزرائ میر شعیب نوشیروانی، راحیلہ حمید خان درانی، محمد خان لہڑی، میرعاصم کرد گیلو، زرک خان مندوخیل، حاجی برکت رند، ہادیہ نواز ، نسیم الرحمن ملاخیل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاکستان مسلم لیگ پارلیمنٹرینز پر زور دیا کہ وہ فوری روزگار فراہم کرنے والے پروگرامز پر توجہ دیں۔
صرف بولان میڈیکل یونیورسٹی میں ہم نے دس سے زائد میڈیکل کورسز اور ڈپلومہ پروگرامز شروع کئے ہیں جن کو مکمل کرنے کے فوراً بعد نوجوانوں کو روزگار ملیں گے۔ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی سطح پر بھی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نے جدید مہارتیں سکھانے کے پروگراموں میں متوازی سرمایہ کاری کر رکھی ہیں جن میں پروفیشنل ٹریننگ ، آن لائن انفارمیشن ٹیکنالوجی کورسز اور میڈیکل ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔
معیاری تعلیم کو جدید ہنر کی تربیت کے ساتھ مربوط کر کے نوجوانوں کو ایک متحرک جاب مارکیٹ میں جانے کیلئے لیس کیا جائیگا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، اپنی حب الوطنی کو آگے بڑھائیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت اور انہیں بااختیار بنا کر ہم ایک ایسے مستقبل کو یقینی بنائیں گے جو نہ صرف تعلیم یافتہ ہو بلکہ متحرک، موثر اور اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق زندگی کے مختلف شعبوں میں قیادت کیلئے بھی تیار ہو۔









