پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے پی پی پی مستونگ کے صدر حاجی عزیز ابابکی کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پر اس نوعیت کے حملے قابلِ افسوس اور ناقابلِ برداشت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہیں، یہ شرپسند عناصر صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں ، ایسے شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔حاجی علی مدد جتک نے حاجی عزیز ابابکی اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی پارٹی کے رہنماؤں یا کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔









