کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے حوالے اجلاس

115

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شازیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، گیس حکام، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں کوئٹہ شہر اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی، لوڈشیڈنگ اور شہریوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر کوئٹہ نے گیس حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں گیس لوڈشیڈنگ رات 12 بجے کے بعد کی جائے تاکہ عوام کو دن کے اوقات میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گیس چوری، کمپریسر کے استعمال اور میٹر ٹمپرنگ کی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور گیس حکام کو مشترکہ آپریشنز کرنے کی ہدایت کی تاکہ کمپریسر بیچنے والوں، کمرشل صارفین اور تندور مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے کیونکہ ان کے غیر قانونی استعمال سے گھریلو صارفین کو گیس پریشر میں شدید کمی کا سامنا ہوتا ہے۔

کمشنر شازیب خان کاکڑ نے مزید کہا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ گیس کے استعمال میں اضافہ قدرتی امر ہے، تاہم گیس کمپنی کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو مناسب پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرے۔انہوں نے گیس لائنوں کی مرمت اور پرانی پائپ لائنوں کی تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ سپلائی نظام بہتر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں