امیر جماعت اسلامی بلوچستان،قائد حق دو تحریک و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر کے معروف تعلیمی شخصیت ناصر سہرابی کے ہمراہ ضلعی ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے تحت ضلع گوادر کے طلباء و طالبات کو زیادہ سے زیادہ اسکالرشپس سے مستفید کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر بی ای ای ایف اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے ضلع گوادر کے طلبا و طالبات میں بھرپور آگاہی پیدا کرنے اور زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء کو اسکالرشپ کے حصول کے مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر کی معروف تعلیمی شخصیت ناصر سہرابی سے درخواست کی کہ تعلیم کے شعبے میں ان کے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈی ای او گوادر کے ساتھ مل کر ایسا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے جس کے ذریعے ضلع بھر کے طلباء و طالبات کو بی ای ای ایف اسکالرشپ پروگرام کے طریقہ کار، مختلف کیٹیگریز، اہلیت اور دیگر متعلقہ امور سے مکمل آگاہی فراہم کی جاسکے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ طلباء و طالبات کو اسکالرشپ کے حصول کے طریقہ کار اور اہلیت کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کی جائے، تاکہ اہل اور مستحق طلباء مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کراسکیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس موقع پر بی ای ای ایف کے ڈائریکٹر سے کوئٹہ میں بھی رابطہ کیا اور ضلع گوادر کے طلبائ کو زیادہ سے زیادہ اسکالرشپس کی فراہمی، میرٹ اور آگاہی کے حوالے سے جاری اقدامات سے انہیں آگاہ کیا۔









