وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کو کابل کے راستے بھی شکست کا سامنا ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ دہلی میں بیٹھ کر بیان دے رہے ہیں کیا بھارت کی اجازت سے مذاکرات کریں گے؟ کالعدم ٹی ٹی پی سے حساب برابر کریں گے پھر دیکھتے ہیں افغان حکومت کیا کہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ اسکور سیٹل ہوگا اور ضرور ہوگا، دہشت گرد افغانستان سے آئے تو ہم ان کے پیچھے ضرور جائیں گے۔ بھارت کو کابل کے راستے بھی شکست کا سامنا ہوگا اور ضرور ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت شکست کی خفت مٹانے کے لیے افغان سرزمین استعمال کررہا ہے، بھارت افغانستان کے ذریعے بدلے کی کوشش کررہا ہے، افغانستان کی جانب سے بھارت کی سہولت کاری کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر مجبور نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نیا وزیر اعلیٰ نامزد کرکے ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہے، عمران خان کی بلیک میلنگ کی کوشش کا جواب دیا جائے گا۔









