شہر قائد میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں موجود بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا ہے تاہم دن کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم اب بھی سندھ پر اثر انداز ہے اور 27 اگست سے نئے سسٹم کی آمد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہری مشکلات سے دوچار رہے۔
شارع فیصل پر پولیس کشتی اور لائف جیکٹس کے ساتھ موجود رہی جبکہ ملیر، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، بھینس کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن، قائد آباد، سعود آباد اور گلشن معمار سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گلشن حدید میں سب سے زیادہ 34 ملی میٹر ، فیصل بیس 25، مسرور بیس 17، کیماڑی 18، یونیورسٹی روڈ اور سعدی ٹاؤن میں 16 ملی میٹر ، کورنگی میں 15، ڈی ایچ اے اور سرجانی میں 12، ناظم آباد اور اورنگی ٹاؤن میں 10 جبکہ گلشن معمار میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش نارتھ کراچی میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔









