جمعہ کو یوم آزادی کی تعطیل کے باوجود نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر ‘برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اورچین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جس میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔پاکستان نے امریکا دوٹوک انداز میں آگاہ کیاکہ 18جون کے اسلام آباد مفاہمت نامے پر من وعن اور اس کی روح کے مطابق عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے‘یہی پیغام برطانیہ کو بھی دیاگیا۔اسحاق ڈارنے نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان اپنے قومی مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کرے گا۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے جمعہ کودفتر خارجہ میں ملاقات کی۔اس دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم نے پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 جون کے اسلام آباد مفاہمت نامے پر من وعن اور اس کی روح کے مطابق عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران پاکستان اپنے قومی مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کرے گا‘امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور نائب وزیراعظم کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال بھی زیر بحث آئی ‘ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر فریقین کی جانب سے اس کی روح اور متن کے مطابق مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیرالتوا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
اسلام آباد مفاہمت، امن کا واحد راستہ، روح کے مطابق عمل کیا جائے، پاکستان نے امریکا اور برطانیہ کو آگاہ کردیا
9









