خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے جدید خودکار ای چالان سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔
جدید ترین ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کی شناخت کرکے ان کے نام آن لائن چالان جاری کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت سفارش اور اثر و رسوخ بھی کسی کو ٹریفک چالان سے نہیں بچا سکے گا، سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ، رانگ سائیڈ سفر، سگنل توڑنے اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی آئی ٹی خیبر پختونخوا اعجاز احمد کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کی جائے گی جس سے خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی اور چالان کا اجرا ممکن ہوگا۔
ایس ایس پی ٹریفک پشاور ڈاکٹر زاہد رفیق کے مطابق جدید نگرانی کے نظام کے فعال ہونے کے بعد سگنل توڑنے، رانگ روٹ استعمال کرنے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں تاہم ابھی تک کسی شہری کو چالان جاری نہیں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منظوری ملتے ہی ابتدائی مرحلے میں 6 اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا، جدید نظام برطانیہ، دبئی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے طرز پر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔









