کوئٹہ شہر میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں اہم شاہراہوں، چوراہوں اور مختلف علاقوں میں سیاسی و سماجی شخصیات اور تنظیموں کی جانب سے قومی پرچم، پینا فلیکس، بینرز اور جشنِ آزادی کے حوالے سے خیرمقدمی پیغامات آویزاں کیے گئے ہیں۔
شہر کی اہم شاہراہوں زرغون روڈ، جناح روڈ، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، سرکی روڈ، گوالمنڈی چوک سمیت مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے بڑے پیمانے پر پینا فلیکس اور بینرز لگائے گئے ہیں جن پر قومی پرچم، قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر قومی رہنمائوں کی تصاویر جبکہ پاکستان سے محبت اور قومی یکجہتی پر مبنی پیغامات درج ہیں۔
جشنِ آزادی کے حوالے سے شہر کی سڑکوں اور اہم مقامات پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ مختلف سیاسی و سماجی رہنمائوں کی جانب سے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دینے اور وطن سے محبت کے اظہار کے لیے خصوصی پیغامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔









