امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ایوان نمائندگان میں مطلوبہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تاہم اسے مزید کارروائی کے لیے عدالتی کمیٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کو عدالتی کمیٹی بھیجنے کے حق میں 211 جبکہ مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔ ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی اور ڈیموکریٹس نے قرارداد کمیٹی کو بھیجنے کی مخالفت کی، تاہم ایوان کی منظوری کے بعد اسے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
ری پبلکن اکثریت ہونے کے باعث کمیٹی میں قرارداد پر مزید پیشرفت کے امکانات کم قرار دیے جارہے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی، جس میں وزیر جنگ پر 8 الزامات عائد کیے گئے تھے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی کوشش کو ڈیموکریٹس کی بری طرح ناکام مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھامس میسی کے سوا تمام ری پبلکن ارکان نے پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت میں ووٹ دیا۔









