بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو اور صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے جنگل پیرعلیزئی مہاجر کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیمپ کی صورتحال، امن و امان کے حالات اور غیرقانونی مقیم افراد کی واپسی کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو اور صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے جنگل پیرعلیزئی مہاجر کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود انتظامات اور مجموعی صورتحال کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہیں کیمپ میں مقیم افراد اور جاری انتظامی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں موجود غیرقانونی مقیم افراد کو فوری طور پر ان کے وطن واپس بھیجنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام اقدامات قانون کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد باعزت اور رضاکارانہ طریقے سے فوری اپنے وطن واپس جائیں، جبکہ حکومت اس عمل کو منظم اور پرامن انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
دورے کے موقع پر وزیر داخلہ نے علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر اور بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے اس موقع پر کہا کہ حکومت امن و استحکام کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔









