قبض سے کیسے نجات پائیں؟

31

کسی بھی فرد کو قبض اس وقت ہوتا ہے، جب وہ پانی کم پیتا یا اپنی غذاؤں میں دلیہ کم شامل کرتا ہے۔اس کے علاوہ ایسے افراد بھی قبض میں مبتلا ہو جاتے ہیں، جنھیں حاجت ہو رہی ہو اور اپنی مصروفیت کی بنا پر وہ بیت الخلا نہ جا پا رہے ہوں، ورزش نہ کرتے ہوں، ذیابیطس، اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) کا شکار ہوں یا جن کے غدۂ درقیہ (Thyroid Gland) کے فعل میں خرابی پیدا ہو گئی ہو۔
ذیل میں قبض سے نجات پانے کے طریقے درج کیے جا رہے ہیں۔قبض میں مبتلا افراد ان سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
دن کے آغاز پر ناشتہ کیجیے۔آپ کے روزانہ کے ناشتے میں دلیے کی مناسب مقدار، کارن فلیکس، دودھ، پھلیاں، آلوچہ، خوبانی، ناشپاتی، انجیر اور جَو شامل ہونا چاہیے۔

ناشتہ ایسی غذاؤں سے بھی کیا جا سکتا ہے، جن میں زیادہ ریشہ شامل ہو۔
السی کے بیجوں اور اومیگا 3 میں ریشہ افراط سے ہوتا ہے۔
ان دونوں کو پیس کر سفوف بنا لیں اور دن میں کسی بھی وقت اس کا ایک چمچہ کھا لیں۔
ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کے چند قطرے اور شہد کا ایک چمچہ ملا کر روزانہ پئیں۔
خوبانی اور آلوچے میں ریشہ مناسب مقدار میں ہوتا ہے، لہٰذا انھیں بھی روزانہ کی غذاؤں میں شامل کرنا چاہیے۔
انجیر قبض کشا ہوتی ہے۔اسے بھی روزانہ کھاتے رہیے۔
5 گرام برگِ سَنا، 5 گرام گلِ سرخ، 5 گرام مکو، 5 گرام سونف اور 3 انجیر لے کر انھیں 1 گلاس پانی میں اُبال لیں اور صبح و شام پئیں۔

6 گرام ہلیلہ سیاہ، 1 گرام ادرک، 12 گرام سونف اور 2 گرام نمک لاہوری ملا کر پیس لیں اور نیم گرم پانی کے ساتھ روزانہ چائے کا نصف چمچہ کھا لیں۔قبض ختم ہو جائے گا۔
قبض سے بچنے کے لئے آپ کو روزانہ چہل قدمی ضرور کرنی چاہیے، حاجت کے وقت فوراً بیت الخلا جانا چاہیے، ریشے والی غذائیں زیادہ کھانی چاہئیں اور پانی مناسب مقدار میں پینا چاہیے، ورنہ آپ بواسیر کی بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں