سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم-3 فیض پور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے خانیوال تک دھند کے سبب بند کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں، لاہور سے سیالکوٹ جانے والی موٹروے ایم-11 بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔ قومی شاہراہ پر لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









