شہر میں گندگی کے ڈھیر دوسری جانب صفا کوئٹہ صفائی کے نام پر زبردستی پیسے وصول کر رہی ہے، تنظیم تاجران بلوچستان

119

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا، چیئرمین حاجی خدائے دوست، صدر پراپرٹی ڈیلرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن حاجی میر حمزہ، چئیرمین یسین آغا، ترجمان کاشف حیدری، ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان حاجی شمس اللہ داوی، عصمت خان داوی، نائب صدر احسان الدین خلجی، حاجی موسی جان خلجی، ملک خان ولی ناصر صدر موبائل ایسوسی ایشن، صدیق یوسفزئی چئیرمین، شکور لالا، صادق آزاد، قسیم آغا، کلیم اللہ داوی، سلطان خلجی، سیکرٹری اطلاعات سیف الدین نثار و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر کو صاف رکھنے کے نام پر کی جانے والی فیس وصولی کا سلسلہ بلاجواز اور بے جا ہو چکا ہے۔
ان رہنماؤں نے کہا کہ صفا کوئٹہ جیسے ادارے صفائی کے حوالے سے اپنے فرائض میں ناکام ہو چکے ہیں، جبکہ وہ عوام سے رقم وصول کرنے میں مصروف ہیں، جو کہ نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مسجد روڈ پر سیوریج کا پانی سڑکوں پر ابل رہا ہے، جس کی وجہ سے وہاں کی گلیاں اور سڑکیں گندے پانی سے بھر گئی ہیں، جس کی بدبو پورے علاقے میں پھیل گئی ہے۔

اس صورت حال کی وجہ سے دکانداروں، تاجروں، نمازیوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جنہیں اس گندے پانی کے بیچ میں گزرنا پڑتا ہے، اور نمازیوں کو مسجد تک پہنچنے میں بھی دشواریاں پیش آتی ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ صفا کوئٹہ کا ادارہ عوامی خدمات کے بجائے صرف رقم کے حصول کے لیے سرگرم ہے۔ مسجد روڈ پر جس جگہ پانی جمع ہو رہا ہے، وہاں تاجر اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ راستہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اور ہر روز نماز کے اوقات میں نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیوں کہ گلیاں اور سڑکیں پانی سے بھر جاتی ہیں، جس سے نہ صرف صفائی کی صورتحال خراب ہوتی ہے بلکہ پورے علاقے کی سڑکیں بھی تباہ ہو رہی ہیں۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی حکام فوری طور پر اس سنگین مسئلے کو حل کریں۔ انھوں نے مسجد روڈ کے علاقے کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صفا کوئٹہ کو اپنی خدمات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، نہ کہ صرف فیس وصول کرنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالنے کی۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر بلدیاتی انتظامیہ اور ضلعی حکومت نے اس مسئلے پر فوری طور پر کوئی عملی قدم نہ اٹھایا تو وہ اس کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آئی، تو تاجر تنظیمیں سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گی، کیونکہ اس وقت شہر کے حالات انتہائی خراب ہیں اور شہریوں کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے ضلعی حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کی صحت اور صفائی کو بہتر بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ گندے پانی کے مسائل کو حل کیا جائے، تاکہ مسجد روڈ اور دیگر علاقوں میں عوام کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں