پہلے ٹیسٹ کا تیسرا دن: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف 126رنز بنالیے، 155 رنز کی برتری حاصل

9

ٹروبا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا جہاں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر مجموعی برتری 155 رنز تک پہنچا دی۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز پر 3 وکٹوں سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم شان مسعود کے سوا کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا 20، خرم شہزاد 19، محمد رضوان 12، عامر جمال 3 اور علی عثمان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

29 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 4 وکٹیں صرف 43 رنز پر گر گئیں۔ بعد ازاں تیجا نارائن چندر پال 35، جسٹن گریوز 20 اور کپتان روسٹن چیز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں پر 126 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ چوتھے روز مہمان ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کی باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کرکے ہدف کو محدود رکھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں