جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیاد پر دو فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی سے نومبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 6.416 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.523 ارب ڈالر کے مقابلے میں دو فیصد کم ہے۔
نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.266 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر 1.408 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 8 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، کیونکہ اکتوبر میں درآمدات کا حجم 1.375 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو نومبر میں کم ہو کر 1.266 ارب ڈالر رہ گیا۔
واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کا مجموعی درآمدی بل 28.40 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 24.99 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.6 فیصد زیادہ ہے۔









