آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کے صدر جانی انفینٹینو کی حمایت واپس لے کر یوئیفا کے مؤقف کی حمایت کردی۔
آئرش فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کو خط لکھ کر حمایت واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ واقعات سے گورننس، شفافیت اور مشاورت پر سنگین خدشات پیدا ہوئے۔
اس سے قبل یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن پہلے ہی انفینٹینو پر اعتماد توڑنے کا الزام لگا چکے۔یہ جیانی انفینٹینو کی فیفا صدر کے طور پر چوتھی مدت کے لیے کوشش کو دھچکا ہے۔
واضح رہے کہ ویلز فٹبال ایسوسی ایشن انفینٹینو کی حمایت واپس لینے والی پہلی ہوم نیشن تھی جبکہ انگلش فٹبال ایسوسی ایشن بھی جانی انفینٹینو کی حمایت سے پیچھے ہٹ چکی ہے۔
یاد رہے کہ واضح رہے کہ فیفا کے صدر کو عالمی فٹبال کی مختلف تنظیموں کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ انفینٹینو کو حال ہی میں ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کے منصوبے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور کونکاکاف کے سربراہان نے ایک مشترکہ خط میں فیفا کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تینوں تنظیموں نے مؤقف اختیار کیا کہ فٹبال کی قیادت کسی فرد کی ملکیت نہیں بلکہ یہ فٹبال سے وابستہ تمام اداروں اور شائقین کی امانت ہے۔
تینوں کنفیڈریشنز نے انفینٹینو پر اعتماد کے بحران کے حوالے سے بھی سخت زبان استعمال کی، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا کے بعض مقابلوں کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی سامنے آچکی ہے۔









