بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے صوبے کے 11 اضلاع میں خشک سالی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
نیشنل ڈرائوٹ مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق گزشتہ دس ماہ کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں میں 80 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں زمینی پانی کی سطح میں کمی اور زرعی اراضی کے خشک ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات محمد افضل نے خبردار کیا ہے کہ متوقع خشک سالی سے صوبے میں زرعی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت بارشیں نہ ہونے کی صورت میں گندم، سبزیوں اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کی تقریباً 80 فیصد لائیو اسٹاک کا انحصار قدرتی چراگاہوں پر ہے۔ اگر بارشوں کی کمی برقرار رہی تو چراگاہیں خشک ہو جائیں گی جس سے نہ صرف جانوروں کی خوراک متاثر ہوگی بلکہ مالدار طبقے کو بھی بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سرکلر میں ضلعی رابطہ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خشک سالی کی بدلتی صورتحال پر قریبی نگرانی رکھیں، عوامی آگاہی مہم چلائیں، معلومات کے بروقت تبادلے کو یقینی بنائیں اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کریں۔









