انسانیت دشمنوں نے پورے بلوچستان کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے، مولانا ہدایت الرحمن

13

امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ انسانیت دشمنوں نے پورے بلوچستان کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے۔

صوبے بھر میں بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوٹ مار، جلا گھیرا اور سڑکوں کی بندش سے عوام خوف وہراس اور پریشانی کا شکار ہیں۔حکومت اور سیکیورٹی ادارے عملی اقدامات کے بجائے صرف اعلانات اور تسلیوں تک محدود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، انجینئر عبدالمجید بادینی، زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیر شاکر، مولانا محمد عارف دمڑ، حافظ نور علی، عبدالمجید سربازی، طیب فرید خان، سلطان محمد محنتی، عبدالولی خان شاکر، روح اللہ سالار ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ دھرنے اور 3 ستمبر کی کامیاب شٹر ڈان ہڑتال کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی اور تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اجلاس میں انجمن تاجران رحیم کاکڑ گروپ کی جانب سے جماعت اسلامی کے خلاف پریس کانفرنس اور جھوٹے الزامات کی مذمت کی گئی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی اولین ضرورت امن ہے، بدامنی نے ہر گھر کو متاثر کیا ہے۔ حکومت فوری طور پر شاہراہوں کو محفوظ، بارڈرز کو قانونی تجارت کے لیے کھولے اور پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کا خاتمہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم، جبر، لاقانونیت اور بدامنی کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دے گی۔ ڈویژنل سطح پر دھرنے اور احتجاجی کیمپس لگائے جائیں گے اور عوام کے امن، روزگار اور بنیادی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں