ایلون مسک نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی کمپنی اسپیس ایکس نے یوکرین میں اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایلون مسک نے یوکرینی فوج پر الزام عائد کیا کہ اس نے تجارتی اسٹارلنک سروس کو جارحانہ ڈرون حملوں کے لیے استعمال کرکے کمپنی کی شرائط کی خلاف ورزی کی تھی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اسٹارلنک ایک تجارتی اور شہری انٹرنیٹ سروس ہے جسے لوگوں کو ہلاک کرنے کے لیے جارحانہ ڈرون حملوں میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق یوکرینی فوج نے سروس کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسے جارحانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جس کے بعد گزشتہ ہفتے اس استعمال کی اجازت دینے والی خامی کو بند کردیا گیا۔
ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ اسپیس ایکس نے یوکرین کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ پابندیوں کا فیصلہ کن حالات میں اور کس طریقہ کار کے تحت کیا گیا تھا۔









