پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے صوبہ بھر، بالخصوص کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں آٹے کی قیمتوں میں ہوش رٴْبا اضافے، سرکاری نرخوں پر آٹے کی عدم دستیابی اور عوام کی قوتِ خرید میں مسلسل کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹا ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، لیکن حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور مؤثر نگرانی کے فقدان کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔
پارٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 3,250 سے 3,330 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اسی طرح 50 کلو فائن آٹے کی قیمت تقریباً 8,000 روپے تک پہنچنے اور بعض اضلاع میں اس سے تجاوز کرنے کی اطلاعات بھی انتہائی تشویش ناک ہیں۔
آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سب سے زیادہ بوجھ مزدوروں، دہاڑی دار محنت کشوں، کم آمدنی والے ملازمین اور غریب خاندانوں پر پڑ رہا ہے، جو پہلے ہی بجلی، گیس، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی مہنگائی سے پریشان ہیں۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، ڑوب، لورالائی قلعہ سیف اللہ، زیارت شیرانی، سبی، کوہلو، بارکھان، موسی خیل، ہرنائی، دٴْکی، برشور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں آٹے کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ محض سرکاری نرخ نامے جاری کرنے سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا، بلکہ گندم کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے، ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
پارٹی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں گندم کے ذخائر اور آٹے کی فراہمی کی صورتِ حال کا فوری جائزہ لے کر ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام اضلاع میں سرکاری نرخوں پر معیاری آٹے کی دستیابی اور قیمتوں پر مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے، کم آمدنی والے خاندانوں اور محنت کشوں کو رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا جائے اور قیمتوں و سرکاری ذخائر سے متعلق مستند اعدادوشمار باقاعدگی سے جاری کیے جائیں، تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی مناسب قیمتوں پر فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو اعلانات کے بجائے عملی ریلیف فراہم کیا جائے اور آٹے کی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری، مؤثر اور قابلِ احتساب اقدامات اٹھائے جائیں۔ پارٹی عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔









