گوادر کی ترقی طویل المدتی اور سائنسی منصوبہ بندی کے تحت جاری ہے، جی ڈی اے

10

چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد) محمد حسن بخشی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گوادر کی تیز رفتار تعمیر و ترقی، ہاؤسنگ سیکٹر کو درپیش چیلنجز، ماسٹر پلان پر عملدرآمد، نجی شعبے کی سرمایہ کاری، تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عبدالرزاق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ جبکہ آباد کے وفد میں افضل حمید سینئر وائس چیئرمین آباد، عفان قریشی کنوینر آباد، محمد احمد خان سن سلور سٹی، فیصل ادریس ایف ٹی بی اے، جنید تالو نیو ورلڈ سٹی، حاجی عبدالغنی آباد گوادر چیپٹر، شبیر احمد، نعیم خان بلوچستان براڈوے، عبدالسلام، فہید احمد بن عیسان بلڈرز اینڈ ڈیولپرز، ہمایوں قادر، کامران قریشی اور فصیح الدین شامل تھے.اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عبدالرزاق نے آباد کے وفد کو گوادر ماسٹر پلان پر عملدرآمد، شہر کی موجودہ اور مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی، لینڈ یوز پالیسی اور مائیکرو پلاننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر کی ترقی ایک طویل المدتی اور سائنسی منصوبہ بندی کے تحت جاری ہے، جس کا مقصد شہر کو ایک جدید، ماحول دوست اور عالمی معیار کے ساحلی شہر کے طور پر ترقی دینا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے کہا کہ جی ڈی اے گوادر کی ترقی کا بیک بون ہے اور ادارہ گوادر کو عالمی معیار کے مطابق ایک جدید، خوبصورت اور پائیدار شہر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ماحول کو بہتر بنانے اور شہریوں کو معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعلیم، صحت، پانی، کھیلوں کے میدان، تفریحی مقامات، ماہیگیری شعبہ، پارکس، گراؤنڈز اور گرینری سمیت متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت قدیم شہر کی تعمیر، توسیع اور تزئین و آرائش کے جامع منصوبے پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کی رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جی ڈی اے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار، شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے بلڈرز ایسوسی ایشنز اور ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان پر زور دیا کہ وہ گوادر میں موجود غیر فعال ہاؤسنگ اسکیموں میں تعمیراتی سرگرمیوں کو بحال کریں تاکہ ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنیوالے افراد کا اعتماد بحال ہو اور ان کی سرمایہ کاری محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہاؤسنگ منصوبوں میں عملی کام شروع ہوگا تو سرمایہ کاروں کو مزید اطمینان اور اعتماد حاصل ہوگا۔اس موقع پر بلڈرز اور ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان کے درمیان موجود تحفظات، خدشات، مشکلات اور تنازعات کے حل کے لیے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کی سربراہی میں ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو وقتاً فوقتاً اجلاس منعقد کرکے مسائل کے حل کے لیے سفارشات اور اقدامات تجویز کرے گی۔چیئرمین آباد حسن بخشی نے گوادر کی ترقی کے لیے جی ڈی اے کی منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر کے لیے کراچی سے بھی بہتر اور زیادہ جامع ماسٹر پلان موجود ہے، جس میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے شہر بسانا یقیناً ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، تاہم نجی شعبہ گوادر کی تعمیر، ترقی اور آبادکاری میں حکومت اور جی ڈی اے کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا کیونکہ گوادر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں پراپرٹی سیکٹر میں مزید شفافیت لانے کے لیے نیب ایک جدید ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے، جس سے ملک بھر میں پراپرٹی کے شعبے میں شفافیت، معلومات تک آسان رسائی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کے ساتھ یاداشتیی شیلڈ کا تبادلہ کیا گیا کہ گوادر کی پائیدار ترقی، جدید شہری منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوام کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان باہمی تعاون اور مشاورت کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ گوادر کو ایک عالمی معیار کے جدید اور ترقی یافتہ ساحلی شہر کے طور پر مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں