امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اماراتی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے گفتگو کے دوران انہیں بتایا گیا کہ طیارے کا کوپائلٹ ممکنہ طور پر دہشتگرد تھا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطے میں دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کے معاملے پر تفصیلی بات ہوئی۔ ان کے مطابق نیتن یاہو نے بتایا کہ ایک اسرائیلی پلمبر نے کوپائلٹ کو قابو کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے کبھی طیارہ نہیں اڑایا تھا تاہم صورتحال کے دوران اس نے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے میں مدد کی اور ممکنہ حادثے سے پرواز کو بچایا۔
بعد میں طیارے کے پچھلے حصے میں موجود اضافی پائلٹس اور سکیورٹی اہلکار کاک پٹ تک پہنچے اور انہوں نے جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔
امریکی صدر نے ساتھ ہی واضح کیا کہ یہ تفصیلات انہیں نیتن یاہو نے بتائی ہیں اور وہ خود اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ واقعے کی یہ پوری تفصیل درست ہے یا نہیں۔









