وزیراعلیٰ بگٹی کا نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی آزمائشی پرواز کا خیرمقدم

36

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی لینڈنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بلوچستان کی ترقی، بہتر علاقائی روابط اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کی جانب سے فضائی آپریشن شروع ہونے سے گوادر کا ملک کے مختلف اہم شہروں سے موثر اور جدید فضائی رابطہ ہوگا جس سے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ فضائی نیٹ ورک کے تحت گوادر کو تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے منسلک کیا جائے گا جس سے صوبے میں نقل و حمل اور کاروباری روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر پاکستان کی اقتصادی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی رابطوں کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ نئی فضائی خدمات کے آغاز سے نہ صرف سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے بلکہ مقامی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوائی رابطہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس ترقی کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوادر کو بین الاقوامی معیار کے اقتصادی اور تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی کامیاب آزمائشی پرواز بلوچستان کے روشن مستقبل، بہتر سفری سہولیات اور معاشی خوشحالی کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں