چیک باؤنس کیس: بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو 3 ماہ قید کی سزا

26

دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو تقریباً 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے ساتوں مقدمات میں راجپال یادو کو الگ الگ 3 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے ہر کیس میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔

فیصلے کے مطابق اداکار کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ان کی اہلیہ رادھا یادو کو بھی ہر کیس میں 5 لاکھ 51 ہزار 380 روپے شکایت کنندہ کو ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ راجپال یادو کی جانب سے پہلے ہی ادا کیے گئے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔

سماعت کے دوران عدالت نے فریقین کے درمیان تصفیے کی متعدد کوششیں کیں، جبکہ شکایت کنندہ نے 6 کروڑ روپے میں معاملہ نمٹانے کی پیشکش بھی کی، تاہم راجپال یادو نے اسے قبول نہیں کیا۔ اداکار کا مؤقف تھا کہ وہ پہلے ہی بھاری مالی نقصان اٹھا چکے ہیں، اپنی جائیداد فروخت کر چکے ہیں اور بڑی رقم ادا کر چکے ہیں۔

یہ مقدمہ 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اتا پتا لاپتا’ کی ناکامی کے بعد شروع ہوا، جس کے نتیجے میں مالی واجبات بڑھتے بڑھتے تقریباً 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ چیک باؤنس سے متعلق مالی ذمہ داریاں سزا مکمل ہونے کے بعد بھی برقرار رہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں