مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران خلیجی پانیوں میں ایک کارگو جہاز نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے کا نشانہ بن گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں شدید دھماکا ہوا۔
بحری امور پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشن نے تصدیق کی ہے کہ جہاز پر حملہ عراق کی بندرگاہ اُم قصر سے تقریباً 40 ناٹیکل میل (65 کلومیٹر) جنوب مشرق میں ہوا۔
برطانوی ادارے (UKMTO) کے مطابق نامعلوم شے جہاز کے دائیں حصے (اسٹار بورڈ سائیڈ) سے ٹکرائی جس کے بعد بڑا دھماکا ہوا۔ فوری طور پر کسی ماحولیاتی آلودگی یا تیل کے اخراج کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
عراقی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا جس سے زور دار دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس پر قابو پا لیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاحال کسی گروہ یا ملک نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
برطانوی ادارے یو کے ایم ٹی او کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔









