بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے رورل ہیلتھ سینٹر سملی کچلاک کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا

43

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی کے ہمراہ کچلاک کے علاقے محلہ سملی میں اپ گریڈ کیے گئے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اور نئی ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ​افتتاحی تقریب کے بعد انھوں نے رورل ہیلتھ سینٹر کے مختلف وارڈز، لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی آلات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور عملے کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں،​اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رورل ہیلتھ سینٹر سملی کی اپ گریڈیشن سے اہلِ علاقہ کو مقامی سطح پر ہی معیاری علاج معالجہ میسر آئے گا، جس سے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔​صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سینٹر کے لیے نئی ایمبولینس کی فراہمی ایک اہم سنگِ میل ہے، جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تشویشناک مریضوں کو بروقت کوئٹہ کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کرنے میں بھرپور آسانی ہوگی اور قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم خان بازئی اور مقامی عمائدین نے علاقے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے خصوصی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں