بلوچستان پولیس دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے ،آئی جی پولیس

39

انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کوئٹہ کے مختلف تھانوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر کے آئی جی پولیس بلوچستان کو ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے تھانوں کی سیکیورٹی، نفری اور دیگر انتظامات سے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے مختلف تھانوں میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے تھانہ ایئر پورٹ، شالکوٹ، کیچی بیگ اور تھانہ سریاب کے دورے کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وردی اور ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کا فخر ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داری مزید اہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ہر اول دستے کے طور پر اپنی دی گئی اہم ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نا ممکن ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے جوانوں کی ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ پر عزم، حوصلے اور دلیری سے کیا جائے گا۔

انہوں نے اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران جسمانی و ذہنی طور پر چاق و چوبند اور چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ پولیس کے جوان فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے حقوق اور عزت نفس کا احترام ملحوظ خاطر رکھیں بلند اخلاق اور مثبت رویہ ہی محکمہ کی نیک نامی کا باعث رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا شیوہ رہا ہے کہ عوام دشمن عناصر کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیار پولیس کا فخر ہے جو کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور امن و امان کے استحکام کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں