بلوچستان ،قومی شاہرائوں پر امن کی مخدوش صورتحال ،ٹرینوں کی بندش ،ہوائی جہاز کرایوں میں ہوشربا اضافہ

14

بلوچستان میں قومی شاہرائوں پر امن و امان کی مخدوش صورتحال اور آئے روز ٹرینوں کی بندش کے باعث ہوائی جہاز کے کرایوں میں ہوش ربا اضافہ کوئٹہ سے اسلام آباد کا ٹکٹ 1لاکھ جبکہ کراچی کا 89ہزار سے زائد میں دستیاب ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں ان دنوں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث بذریعہ سڑک سفر کی سہولیات متاثر ہوئی ہیں جبکہ سیکورٹی خدشات سمیت دیگر وجوہات کی بناء پر ٹرینوں کی بندش کے باعث ہنگامی طور پر سفر کے لیے عوام ہوائی جہاز کے سفر کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم مختلف ایئر لائنز کے ٹکٹ انتہائی مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔

بدھ سے جمعہ کے دوران پی آئی اے کا کوئٹہ سے کراچی کا یک طرفہ کرایہ 54ہزار سے زائد ، کوئٹہ سے اسلام آباد کا کرایہ 49ہزار 5سو سے زائد، کوئٹہ سے لاہور کا کرایہ 32ہزار 5سو روپے سے مختص کیا گیا ہے۔

اسی طرح فلائی جناح کا کوئٹہ سے اسلام آباد کے لیے ٹکٹ 1لاکھ 5ہزار 186روپے ،کوئٹہ سے کراچی کا ٹکٹ 89ہزار 494روپے، کوئٹہ سے لاہور کا ٹکٹ 26ہزار 228روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ساتھ ہی ائیر سیال کا کوئٹہ سے کراچی کا یک طرفہ کرایہ 89ہزار 255روپے ہے ۔ حال ہی میں سروس شروع کرنے والی سائوتھ ائیر لائن کی آئندہ چند روز تک کوئٹہ سے دیگر شہروں کے لیے کوئی پرواز موجود نہیں ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگے داموں ٹکٹ کے فروخت سے فضائی سفر کی سہولت عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں