بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری کی قیادت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کی ترجیحات کو عوامی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ “حکومتی اور اپوزیشن اراکین دونوں عوام کے منتخب نمائندے ہیں، عوامی مفاد میں ہر مثبت تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔”
انہوں نے کہا کہ “بلوچستان اسمبلی پارلیمانی روایات اور صوبائی اقدار کا حسین امتزاج ہے،” جبکہ اپوزیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ “اپوزیشن اراکین نے ہمیشہ پارلیمانی کارروائی میں صبر، برداشت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ “باہمی احترام اور بھائی چارے کی یہی روایات ہمیں دیگر پارلیمانوں سے ممتاز کرتی ہیں،” اور “ہم اپوزیشن کے مثبت اور تعمیری پارلیمانی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔”
وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ “عوامی مفاد میں قابل عمل اور منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو PSDP میں شامل کیا جائے گا۔”
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر اور دیگر اراکین نے وزیر اعلیٰ کے مثبت رویے اور پارلیمانی طرز عمل کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ “میر سرفراز بگٹی اپوزیشن کے آئینی اور پارلیمانی تقدس کا احترام کرتے ہیں اور مثبت تنقید کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں۔”









