بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ اور لورالائی میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈائون، 7 یونٹس کو جرمانے، ایک دکان سیل

31

بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)کی فوڈ سیفٹی اور انسپیکشن ٹیموں نے لورالائی اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا، جس کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین اور بی ایف اے کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 7 یونٹس کو جرمانے جبکہ ایک یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔

ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اے پی پی کوبتایاکہ کوئٹہ میں بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیم نے میر احمد خان روڈ پر مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ موقع پر دودھ کے نمونے لے کر ٹیسٹ کیے گئے، جن میں پانی اور سکمڈ ملک پاڈر کی ملاوٹ سامنے آنے پر ایک دودھ فروش کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ معمولی نوعیت کی خامیوں پر متعدد ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے نواں کلی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ کو جرمانہ کیا۔ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، اشیا پر تیاری اور تنسیخ کی تاریخ درج نہ ہونے، ورکرز کے ماسک، ہیڈ کور اور دستانے استعمال نہ کرنے، کھلے کوڑے دان، نامناسب نکاسی آب اور مکھیوں کی بھرمار پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔سیٹلائٹ ٹائون اور چالو باوڑی میں بھی اشیا خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا گیا، جہاں دو بیکنگ یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔

ان یونٹس میں صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور مکھیوں کی بھرمار پائی گئی۔علاوہ ازیں اچار پر مینوفیکچرنگ اور ایکسپائری تاریخیں درج نہ کرنے، خوراک کی پیکنگ کے لیے کیمیکل پرنٹڈ پیپر اور اخبارات کے استعمال جبکہ زنگ آلود اور گندے ٹریز کی موجودگی پر بھی کارروائی کی گئی۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کے لیے صفائی، مناسب اسٹوریج، ذاتی حفظانِ صحت، محفوظ خوراک کی تیاری و ہینڈلنگ اور بی ایف اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس طرح بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم لورالائی زون نے ژوب روڈ اور باچا خان چوک پر مختلف فوڈ بزنسز کے 15 یونٹس کی چیکنگ کی۔

کارروائی کے دوران دو یونٹس پر جرمانے عائد جبکہ ایک یونٹ سیل کیا گیا۔ایک ملک شاپ کے معائنے کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، برتنوں کی صفائی کے لیے آلودہ کپڑے اور ڈٹرجنٹ کا استعمال، ناقص صفائی، گندے برتن، نامناسب اسٹوریج، کھلے کوڑے دان اور دیگر خلاف ورزیاں پائی گئیں، جبکہ دکان کا بی ایف اے لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔اسی طرح گوشت کی ایک دکان میں کھلے کوڑے دان، پرنٹ شدہ کاغذ کے استعمال، گندے برتن، گندے ریفریجریٹر اور بی ایف اے لائسنس کی عدم موجودگی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں