ملاوٹی اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 21 مراکز جرمانہ

24

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں مضرِ صحت، غیر معیاری اور ملاوٹی خوراک کے خلاف جاری کارروائیوں کے تحت کوئٹہ، ہرنائی، ڈیرہ اللہ یار اور حب میں مختلف فوڈ بزنس مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انسپیکشنز کے دوران مجموعی طور پر 21 خوراک کے مراکز کو جرمانہ، 29 فوڈ بزنس آپریٹرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 2 فوڈ پروڈکشن یونٹس سیل کر دیے گئے۔

علاوہ ازیں ایک فوڈ پروڈکشن یونٹ کا فوڈ بزنس لائسنس اور پیکنگ مشین بھی ضبط کر لی گئی۔کوئٹہ میں اسپنی روڈ، ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، غوث آباد، سریاب روڈ، ملینیم مال، چوہڑ مل اسٹریٹ، مشین روڈ اور مغربی بائی پاس پر قائم بیکریز، کریانہ و جنرل اسٹورز، ریسٹورنٹس، سویٹس و قلفی مینوفیکچرنگ یونٹس، واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس، بیف شاپس، آئس فیکٹریوں اور اچار شاپس سمیت متعدد خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا گیا۔

کارروائی کے دوران ایک اسنیکس مینوفیکچرنگ یونٹ کو نان فوڈ گریڈ رنگ کے استعمال، بغیر رجسٹریشن مصنوعات کی تیاری و پیکنگ، گمراہ کن لیبلنگ، ناقص صفائی اور عملے کی غیر حفظانِ صحت حالت پر سیل کر دیا گیا۔ اسی طرح ایک واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014 کی متعدد خلاف ورزیوں، صفائی کے ناقص انتظامات اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر سیل کیا گیا۔

مزید برآں ایک قلفی تیار کرنے والے یونٹ میں غیر رجسٹرڈ مصنوعات کی پیکنگ، صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر یونٹ کا فوڈ بزنس لائسنس اور پیکنگ مشین ضبط کر لی گئی۔ معائنے کے دوران دیگر مراکز پر ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونا، آلودہ و زنگ آلود مشینری کا استعمال، گندے پانی کے ٹینک، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، واٹر ٹیسٹنگ رپورٹ کی عدم دستیابی، ایکسپائرڈ مصالحہ جات، چاکلیٹس، ساسز، خوردنی آئل اور دیگر اشیاء خورونوش کی فروخت، بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار اور نامناسب ذخیرہ کاری پر جرمانے عائد کیے گئے۔

دودھ کی کوالٹی چیکنگ کے دوران سبزل روڈ پر موجود ملک شاپس سے دودھ کے نمونے حاصل کرکے موقع پر تجزیہ کیا گیا۔ ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 3 دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 10 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ معمولی نقائص پر مزید 4 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔مذید برآں ہرنائی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ روڈ پر کریانہ و جنرل اسٹورز، بیکریوں اور دیگر مراکز کا معائنہ کیا جہاں 8 مراکز کو جرمانہ اور 5 اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ چائے، مصالحہ جات، بسکٹ، کیچپ، کیکس، چپس، ریوڑیاں اور دیگر اشیائے خورونوش برآمد ہوئیں، جبکہ بعض دکانوں میں خوراک کے ساتھ کھاد ذخیرہ کرنے جیسے خطرناک عمل پر بھی قانونی کارروائی کی گئی۔دوسری جانب حب میں مرکزی شاہراہ پر قائم واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس اور دیگر خوراک کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی، نکاسی آب اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 2 واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس کو جرمانہ جبکہ 6 فوڈ بزنس آپریٹرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ اسی طرح ڈیرہ اللہ یار میں بھی مختلف فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں