افغان مہمان نوازی کی قیمت اپنے خون سے اداکر رہے، وقت آگیا کہ افغان مہمان واپس جائیں: خواجہ آصف

101

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہزاروں طالبان کو پاکستان لا کر بسایا اور آج بھی پی ٹی آئی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کر رہی ہے۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ افغان حکومت کے ساتھ سالوں پر محیط مذاکرات اور وفود کے کابل آنے جانے کے باوجود پاکستان میں خونریزی بند نہیں ہوئی، برسوں سے ہماری فوج اور عوام کا خون بہایا جا رہا ہے، روزانہ فوجی جوانوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ 60 لاکھ افغان مہاجرین کی 60 سال کی مہمان نوازی کی قیمت ہم اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افغان مہمان اپنے گھروں کو جائیں اور یہ مفت بری اور محسن کشی بند کریں۔

خواجہ آصف نے کہا یہ کیسے مہمان ہیں جو میزبانوں کا خون بہاتے ہیں اور قاتلوں کو پناہ میسر کرتے ہیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں بھی اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے اور رعایت کو ناقابل برداشت قرار دیاتھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کو حساب دینا ہوگا، اس سب میں کولیٹرل ڈیمج بھی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں