صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی کی قیادت اور عزم کی بدولت عوام کو اپنے ہی صوبے میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے، سول سنڈیمن پروونشل ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراضِ قلب میں دو ہزار سے زائد کامیاب اینجیوگرافی، اینجیوپلاسٹی اور بڑی تعداد میں اوپن ہارٹ سرجریز کا انجام پانا اس پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس سے بھی اہم امر یہ ہے کہ موجودہ رکن بلوچستان اسمبلی اور محکمہ صحت کے سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ نے خود اسی سرکاری ہسپتال میں علاج کروایا، جو صوبے کے ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور عوامی اداروں پر اعتماد کی عملی مثال ہے۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے کی یہ پیش رفت صرف طبی سہولیات تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم شعبوں میں بھی عوامی خدمت کے امکانات وسیع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں طبی سہولیات میں بہتری کے باعث عوام کو علاج معالجے کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہو رہی ہے، جو بلوچستان کے لیے ایک اہم اور مثبت تبدیلی ہے۔انہوں نے میر رحمت صالح بلوچ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور بلوچستان میں عوامی خدمت کا یہ سفر مزید بہتری اور کامیابی کے ساتھ جاری رہے۔









