31

صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت نیو ٹراما سینٹر کوئٹہ کے حوالے سے پروگریس ریویو میٹنگ کا انعقاد

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت نیو ٹراما سینٹر کوئٹہ کے حوالے سے پروگریس ریویو میٹنگ منعقد ہوئی۔اجلاس میں نیو ٹراما سینٹر کی فعالیت، انتظامی امور، جدید طبی آلات کی دستیابی اور سروس ڈیلیوری کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت مجیب الرحمان، سابق سیکرٹری صحت پنجاب علی جان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ امین مندوخیل، ایڈیشنل سیکرٹری صحت ثاقب کاکڑ، سی ای او ٹراما سینٹر ارباب کامران، بلوچستان ہیلتھ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹمز کے صوبائی کوآرڈینیٹر ابابگر بلوچ سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ڈائریکٹر آپریشن نیو ٹراما سینٹر ڈاکٹر شیر افگن رہیسانی نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں نیو ٹراما سینٹر کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

اس دوران سروسز کے آغاز کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ہدایت دی کہ تمام انتظامی اور طبی امور کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ٹراما سینٹر کو فوری طور پر عوام کے لیے فعال کیا جا سکے اور ایمرجنسی کی صورت میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور نیو ٹراما سینٹر کو جدید خطوط پر فعال کرنا اسی ویژن کا حصہ ہے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیو ٹراما سینٹر کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کر کے عوام کی خدمت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں