ملک میں مہنگائی کی نئی لہر نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں، مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک بڑھ گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
راولپنڈی میں یہی تھیلا 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے تک فروخت ہورہا ہے۔رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ بہاولپور میں قیمت 60 روپے تک بڑھی۔ حیدرآباد میں آٹا 40 روپے، جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20، 20 روپے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے اور پشاور میں 3 ہزار 100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا، جبکہ لاڑکانہ میں 2 ہزار 620، سکھر میں 2 ہزار 580 اور حیدرآباد میں 2 ہزار 880 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں یہی تھیلا 2 ہزار 300 روپے میں دستیاب ہے۔









