سانحہ 9 مئی کے اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی، جن میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 12 مقدمات شامل ہیں۔
مقدمات کی سماعت جیل ٹرائل کے بجائے ضلع کچہری کی عدالت میں ہوگی، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو عدالتی کارروائی ہوگی۔
مقدمات میں جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 پر حملے اور آرمی میوزیم پر حملے کے علاوہ صدر میں حساس ادارے کی عمارت، میٹرو بس اسٹیشن کو نذر آتش کرنے اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیسز بھی شامل ہیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں کل 119 گواہوں میں سے 27 کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جب کہ آج مزید 3 گواہوں کو طلب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، صداقت عباسی، واثق قیوم اور کرنل اجمل صابر بھی اس کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔
عدالتی کارروائی کے دوران سانحہ 9 مئی کے 11 دیگر مقدمات میں چالان کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔
کیسز کے سلسلے میں آج کی سماعت میں شیخ رشید احمد عدالت میں حاضری لگوا کر واپس روانہ ہوگئے جب کہ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور وکلائے صفائی ملک فیصل اور حسنین سنبل بھی عدالت پہنچے۔ عدالت کی جانب سے ملزمان کو حاضری کے لیے بلایا گیا تھا تاہم بہت کم ملزمان عدالت میں موجود ہوئے۔









