35

پاک جاپان کلچرل سینٹر کا دورہ اور نمائش کا افتتاح مشکل حالات اور قدرتی آفات کے دوران صوبے کے غریب عوام کیلئے جاپان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے،گورنربلوچستان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میرے پاک جاپان کلچرل سینٹر کا دورہ اور جاپانی کیلنڈر کی نمائش کا افتتاح نہ صرف یکجہتی کا اظہار ہے بلکہ گزشتہ مشکل حالات اور قدرتی آفات کے دوران صوبے کے غریب عوام کیلئے جاپان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف بھی ہے۔ تقریب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میں جاپانی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتا ہوں تاکہ وہ بھی دستیاب منافع بخش مواقع سے مستفید ہو سکیں۔

پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر اور قونصل جنرل کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملنے ملانے سے باہمی احترام میں اضافہ ہوتا ہے اور دوست ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہو جاتے ہیں۔

آج پاک جاپان کے کلچر سینٹر کا دورہ دراصل ایک مضبوط شراکت داری کا اعادہ ہے جو پاکستان اور جاپان دونوں کیلئے امید، ترقی اور مشترکہ کامیابی کو یقینی بناتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاک جاپان کلچر سینٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، اعزازی قونصل جنرل سید ندیم شاہ، ڈائریکٹر پاک جاپان کلچر سینٹر اسرار عدیل، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، بیرسٹر امیرخان مندوخیل، چیرمین بی آر ایس پی ملک انور سلیم کاسی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، سینئر جرنلسٹ سلیم شاید اور سید علی شاہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے جاپانی کلینڈر نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا اور نمائش میں لگائے گئے جاپانی کیلنڈرز، ثقافتی اور تاریخی فن پاروں میں خصوصی دلچسپی لی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان روز اول سے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم و دائم ہیں اور ہم سب جاپانی قوم کیلئے اپنے دلوں میں عزت و احترام رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے جاپان کی مہارت اور ٹیکنالوجی کو بھی دیکھتے ہیں۔ جاپانی انڈسٹریز اور بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے درمیان اسکالرشپ اور شراکت داری کے ذریعے، ہم تعلیمی ترقی اور اقتصادی ترقی دونوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ جاپان جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مشکل حالات میں مسلسل انسانی امداد فراہم کرتا ہے۔ بلوچستان کو اس تعاون سے براہ راست فائدہ ہوا ہے۔ ہم آئندہ بھی جاپان سے بھرپور تعاون اور رہنمائی کی توقع رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں